بائبل · آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ (Biblica® Open Urdu Contemporary Version™)
زبُور 98
1 یَاہوِہ کے لیٔے ایک نیا نغمہ گاؤ، کیونکہ یَاہوِہ نے حیرت اَنگیز کام کئے ہیں؛ اُن کے داہنے ہاتھ اَور اُن کے مُقدّس بازو نے فتح حاصل کی ہے۔
2 یَاہوِہ نے قوموں پر اَپنی نَجات ظاہر کی ہے اَور اَپنی راستی کا جلوہ دِکھایا ہے۔
3 خُدا نے اِسرائیل کے گھرانے کے حق میں اَپنی شفقت و مَحَبّت اَور وفاداری کو یاد فرمایاہے؛ دُنیا کی اِنتہا تک لوگوں نے ہمارے خُدا کی نَجات دیکھی ہے۔
4 یَاہوِہ کے حُضُور میں سَب اہلِ زمین خُوشی سے للکارو، سازوں کے ساتھ خُوشی کا نغمہ گاؤ؛
5 بربط پر یَاہوِہ کے لیٔے نغمہ سرائی کرو، ہاں، سِتار اَور سریلی آواز کے ساتھ۔
6 نرسنگوں سے اَور قَرنا کی آواز سے یَاہوِہ، یعنی ہمارے بادشاہ، کے سامنے خُوشی سے نعرے بُلند کرو۔
7 سمُندر اَور اُس کے اَندر کی ہر شَے اُس میں خُوشی سے للکاریں، اَور دُنیا اَور اُس کے سَب باشِندے بھی۔
8 دریا تالیاں بجائیں، اَور پہاڑ مِل کر خُوشی سے گائیں؛
9 وہ سَب یَاہوِہ کی حُضُوری میں گائیں، کیونکہ یَاہوِہ زمین کی عدالت کرنے آ رہے ہیں۔ اُن کا اِنصاف راستبازی سے پُورا ہوگا؛ اَور اِنسانوں کی عدالت اَپنی صداقت کے مُطابق کریں گے۔
آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ (Biblica® Open Urdu Contemporary Version™) — Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc. — CC BY-SA 4.0