بائبل · آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ (Biblica® Open Urdu Contemporary Version™)
زبُور 99
1 یَاہوِہ سلطنت کرتے ہیں، قومیں کانپنے لگیں؛ وہ کروبیم کے درمیان تخت نشین ہیں، زمین لرز جائے۔
2 یَاہوِہ صِیّونؔ میں عظیم ہیں؛ اَور وہ سَب قوموں پر بُلند و بالا ہیں۔
3 تمام لوگ آپ کے عظیم و مُہیب نام کی سِتائش کریں۔ وہ قُدُّوس ہیں۔
4 بادشاہ جبّار ہے، اُسے عدل عزیز ہے، آپ نے اِنصاف قائِم کیا ہے؛ آپ نے یعقوب میں وُہی کیا جو اِنصاف اَور راستی ہے۔
5 تُم یَاہوِہ، ہمارے خُدا کی تمجید کرو، اَور خُدا کے پاؤں کی چوکی پر سَجدہ کرو؛ وہ قُدُّوس ہیں۔
6 مَوشہ اَور اَہرونؔ خُدا کے کاہِنوں میں سے تھے، اَور شموایلؔ اُن کا نام لینے والوں میں سے تھے؛ اُنہُوں نے یَاہوِہ کو پُکارا اَور یَاہوِہ نے اُنہیں جَواب دیا۔
7 خُدا نے بادل کے سُتون میں سے اُن سے کلام کیا؛ اُنہُوں نے خُدا کے قوانین کو اَور اُن آئین کو مانا جو خُدا نے اُن کو دئیے تھے۔
8 اَے یَاہوِہ، ہمارے خُدا، خُدا نے اُنہیں جَواب دیا؛ آپ اِسرائیل کے لیٔے غفور خُدا رہے، حالانکہ آپ اُن کی بداعمالیوں کی سزا بھی دیا کرتے تھے۔
9 یَاہوِہ ہمارے خُدا کی تمجید کرو، اَور اُن کے مُقدّس پہاڑ پر خُدا کی عبادت کرو، کیونکہ یَاہوِہ ہمارے خُدا قُدُّوس ہیں۔
آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ (Biblica® Open Urdu Contemporary Version™) — Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc. — CC BY-SA 4.0