بائبل · آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ (Biblica® Open Urdu Contemporary Version™)

زبُور 61

1 اَے خُدا، میری فریاد سُنیں؛ میری دعا پر توجّہ فرمائیں۔

2 میرا دِل اَفسُردہ ہوتا جاتا ہے، میں دُنیا کی اِنتہا سے آپ کو پُکارتا ہُوں؛ مُجھے اُس چٹّان پر لےچلیں جو مُجھ سے اُونچی ہے۔

3 کیونکہ آپ میری پناہ گاہ رہے ہیں، اَور دُشمنوں سے بچنے کے لئے ایک مضبُوط بُرج۔

4 میں ہمیشہ کے لیٔے آپ کے خیمہ میں سکونت پزیر ہونے اَور آپ کے پروں کی آڑ میں پناہ لینے کا خواہاں ہُوں۔

5 کیونکہ اَے خُدا، آپ نے میری مَنّتیں سُنی ہیں؛ اَور آپ نے مُجھے اُن لوگوں کی مِیراث عطا فرمائی ہے جو آپ کے نام سے ڈرتے ہیں۔

6 آپ بادشاہ کی عمر کو دراز کر دیں، اَور اُن کو زندگی میں بہت سِی پُشتیں دیکھنے کے مواقع بخشیں۔

7 وہ خُدا کے حُضُور ہمیشہ تخت نشین رہے؛ اَپنی شفقت و مَحَبّت اَور صداقت کو اُن کی حِفاظت کے لیٔے مُہیّا کریں۔

8 تَب میں ہمیشہ تک آپ کے نام کی سِتائش کرتا رہُوں گا اَور روزانہ اَپنی مَنّتیں پُوری کروں گا۔

آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ (Biblica® Open Urdu Contemporary Version™) — Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc. — CC BY-SA 4.0