بائبل · آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ (Biblica® Open Urdu Contemporary Version™)

زبُور 4

1 جَب مَیں آپ کو پُکاروں، تو مُجھے جَواب دیں! اَے میرے عادل خُدا، مُجھے میری تکلیف سے بَری کریں؛ مُجھ پر مہربانی کریں اَور میری دعا سُنئے۔

2 اَے لوگو! تُم کب تک میری عظمت کو ندامت میں بدلتے رہوگے؟ تُم کب تک بطالت سے مَحَبّت رکھوگے، اَور جھُوٹے معبُودوں کو ڈھونڈتے رہوگے؟

3 جان رکھو کہ یَاہوِہ نے صادقوں کو اَپنے لیٔے الگ کر رکھا ہے؛ جَب مَیں یَاہوِہ کو پُکاروں گا تو وہ سُن لیں گے۔

4 تھرتھراؤ اَور تُم گُناہ سے باز رہو؛ خاموش رہو، اَور جَب تُم اَپنے بِستر پر لیٹتے ہو، اَور تُم اَپنے دِلوں کو ٹٹولو۔

5 صداقت کی قُربانیاں راستی سے گزرانو اَور یَاہوِہ پر توکّل کرو۔

6 کیٔی لوگ پُوچھتے ہیں، ”کون ہمیں کچھ بھلائی دِکھائے گا؟“ اَے یَاہوِہ، اَپنے چہرہ کا نُور ہم پر چمکائیں،

7 آپ نے میرے دِل میں اِس سے کہیں زِیادہ خُوشی بخشی ہے، جو اُنہیں اناج، اَور نئے انگوری شِیرے کی فراوانی سے حاصل ہوتی ہے۔

8 میں لیٹ کر اِطمینان سے سو جاؤں گا، کیونکہ اَے یَاہوِہ، صِرف آپ ہی ہیں جو مُجھے بحِفاظت آرام کرنے دیتے ہیں۔

آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ (Biblica® Open Urdu Contemporary Version™) — Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc. — CC BY-SA 4.0