بائبل · آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ (Biblica® Open Urdu Contemporary Version™)
زبُور 13
1 اَے یَاہوِہ، کب تک؟ کیا آپ ہمیشہ مُجھے بھُولے رہیں گے؟ آپ کب تک اَپنا چہرہ مُجھ سے چُھپائے رکھیں گے؟
2 میں کب تک اَپنے خیالات سے اُلجھتا رہُوں؟ اَور کب تک ہر روز اَپنے دِل میں غم کرتا رہُوں؟ کب تک میرا دُشمن مُجھ پر غالب رہے گا؟
3 اَے یَاہوِہ، میرے خُدا! میری طرف توجّہ فرمائیں اَور مُجھے جَواب دیں، میری آنکھیں رَوشن کر دیں، ورنہ میں موت کی نیند سو جاؤں گا،
4 اَیسا نہ ہو کہ میرا دُشمن کہے، ”میں اُس پر غالب آ گیا،“ اَور جَب مَیں ڈگمگانے لگوں تو میرے بد خواہ خُوش ہُوں۔
5 لیکن مُجھے آپ کی لافانی مَحَبّت پر توکّل ہے، میرا دِل آپ کی نَجات سے مسرُور ہوتاہے۔
6 میں یَاہوِہ کے لیٔے نغمہ گاؤں گا، کیونکہ اُنہُوں نے مُجھ پر بہت اِحسَان کئے ہیں۔
آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ (Biblica® Open Urdu Contemporary Version™) — Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc. — CC BY-SA 4.0