بائبل · آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ (Biblica® Open Urdu Contemporary Version™)
زبُور 20
1 جَب آپ مُصیبت کا شِکار ہو تو یَاہوِہ آپ کی فریاد سُن کر جَواب دیں گے؛ یعقوب کے خُدا کا نام آپ کی حِفاظت کرے۔
2 وہ پاک مَقدِس سے آپ کے لیٔے مدد بھیجیں اَور صِیّونؔ سے تُمہیں سہارا دیں۔
3 وہ آپ کی سَب نذریں یاد رکھیں، اَور آپ کی سوختنی نذروں کو قبُول فرمائیں۔
4 وہ آپ کی دِلی تمنّا پُوری کریں، اَور آپ کے سَب منصُوبوں میں تُمہیں کامیابی عطا فرمائے۔
5 جَب تُم نَجات پاؤ تو ہم خُوشی کے نعرے لگائیں گے اَور اَپنے خُدا کے نام پر اَپنے جھنڈے بُلند کریں گے۔ یَاہوِہ آپ کی تمام درخواستیں پُوری کریں۔
6 اَب مَیں جان گیا کہ یَاہوِہ اَپنے ممسوح کو بچا لیتے ہیں؛ وہ اَپنے داہنے ہاتھ کی نَجات بخش قُوّت سے اُسے اَپنے مُقدّس آسمان پر سے جَواب دیتے ہیں۔
7 بعض لوگوں کو جنگی رتھوں پر بھروسا ہوتاہے اَور بعض کو گھوڑوں پر، لیکن ہم تو یَاہوِہ اَپنے خُدا ہی کے نام پر بھروسا کریں گے۔
8 وہ مغلُوب ہُوئے اَور گِر گیٔے، لیکن ہم اُٹھے اَور ثابت قدم رہے۔
9 اَے یَاہوِہ، بادشاہ کو فتح بخشیں! اَور جَب ہم پُکاریں تو ہمیں جَواب دیں!
آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ (Biblica® Open Urdu Contemporary Version™) — Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc. — CC BY-SA 4.0