بائبل · آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ (Biblica® Open Urdu Contemporary Version™)
یرمیاہؔ 45
1 شاہِ یہُودیؔہ یہُویقیمؔ بِن یُوشیاہؔ کے دَورِ حُکومت کے چوتھے سال میں، جَب باروکؔ بِن نیریاہؔ، یرمیاہؔ کی زبان سے نِکلا ہُوا کلام طُومار میں لِکھ چُکا، تَب یرمیاہؔ نبی نے اُس سے کہا،
2 ”اَے باروکؔ، یَاہوِہ، بنی اِسرائیل کے خُدا کا تمہارے واسطے یہ فرمان ہے:
3 تُم نے کہاتھا، ’مُجھ پر ہائے! یَاہوِہ نے میرے دُکھ میں غم کا اِضافہ کر دیا ہے۔ میں کراہتے کراہتے تھک گیا اَور مُجھے کچھ بھی چَین نہیں ملتا۔‘
4 لیکن یَاہوِہ نے مُجھ سے فرمایاہے کہ مَیں یہ پیغام تُمہیں دُوں، ’یَاہوِہ یُوں فرماتے ہیں: دیکھو مَیں نے جو سارا مُلک تعمیر کیا اِسے گرا دُوں گا، اَورجو کچھ لگایا ہے اُسے اُکھاڑ دُوں گا۔
5 کیا تُم اَپنے لیٔے خاص مہربانی ڈھونڈ رہے ہو؟ اُنہیں مت ڈھونڈو کیونکہ مَیں تمام لوگوں پر بڑی آفت لاؤں گا۔ لیکن تُم جہاں کہیں جاؤگے، وہاں میں تُمہیں تمہاری جان بچا کر تُمہیں زندہ رکھوں گا، یَاہوِہ کا فرمان یہ ہے۔‘ “
آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ (Biblica® Open Urdu Contemporary Version™) — Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc. — CC BY-SA 4.0